دیکھو میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں:
۱۔ کلمہ پڑھو لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ، اور یہ یقین رکھو کہ اللہ تعالیٰ نے پچھلے گناہ معاف کر دیے ہیں۔
۲۔ اللہ تعالیٰ کو اپنا ولی سمجھو، اور اس سے محبت کرو، اور اس سے ہمیشہ اچھے کی توقع کرو۔ اسے ہر وقت اور ہر جگہ اپنے ساتھ محسوس کرو۔
۳۔ اپنے آپ کو کبھی برا نہ کہو، کبھی اپنے لئے کوئی غلط لفظ استعمال نہ کرو۔ دوسروں سے اچھا بولو نہیں تو خاموش رہو۔
۴۔ اپنے ارد گرد کے مسلمانوں سے محبت کرو، اور فرقہ واریت کے قریب بھی نہ جاؤ۔ دیکھو کسی کو برا، غلط یا کافر کہنے سے بچو۔ کسی پر لعنت نہ کرو۔ اٹھتے بیٹھتے، آتے جاتے، گزرتے رکتے، ارد گرد کے لوگوں کے لئے دعائیں کرو۔
۵۔ نماز، روزہ، حج، زکوٰۃ، تلاوت کی تعریف ہی تعریف کرو۔ انہیں اللہ تعالیٰ کا انعام اور رزق سمجھو۔ روٹی رزق کی طرح اپنی عبادتوں کو کبھی گھٹیا اور کمتر بیان نہ کرو۔ جو مل جائے اس پر شکر کرو۔ ہمیشہ اچھے الفاظ میں ذکر کرو۔
۶۔ اللہ تعالیٰ کی عبادت کو اپنی تکلیفوں اور ضرورتوں سے بلند تر جانو۔ دیکھو، یہ دنیا کالے گورے، امیر غریب، بیمار صحتمند، دکھی خوش، بد نصیب خوش نصیب، وغیرہ کے ڈفرنسز پر بنی ہوئی ہے۔ امتحان اچھائی اور برائی کا ہے، نیکی اور بدی کا ہے۔ لیبلوکم ایکم احسن عملا۔ اس لئے ہمیشہ اپنے آپ کو اچھائی اور برائی میں تولتے رہو، اسی کے حوالے سے جانچتے رہو۔ یہی اللہ تعالیٰ سے موافقت ہے، اور یہی اس کی توفیق۔ چھوڑو تکلیفوں اور ضرورتوں کو۔۔۔۔۔۔۔۔
ہم اپنے ایک کزن کی فوتگی پر بیٹھے تھے، اور میرے چچا کا بیٹا مجھے کوئی بات بتانے کا کہہ رہا تھا۔
۷۔ دیکھو دعا کو اپنا شعار بناؤ۔ اپنے لئے بخشش اور دوسروں کے لئے ہر طرح کی آسائش و کشائش کی دعائیں مانگو۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میں آہستہ آواز میں، اور سرگوشی کے سے انداز میں بول رہا تھا، لیکن مجھے محسوس ہو رہا تھا، کہ میرے دوسرے کزنز بھی سن رہے ہیں۔
بہرحال میں نے جو کچھ بھی کہا، مجھے لگ رہا ہے، کہ میں نے ڈاکٹر صاحب کی تعلیمات کا خلاصہ بیان کیا ہے کوئی۔ ڈاکٹر صاحب کے خیال میں جو کوئی بھی یہ کام کر لے گا وہ اللہ کا ولی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اللہ تعالیٰ ہم تمام مسلمانوں کا اپنے اولیاء اور علماء میں شمار فرمائے،
ہمیں آمرون بالمعروف و ناہون عن المنکر کے درجات عطا فرمائے،
اور ہمیں اندھیروں سے روشنی میں نکلنے والوں کے عہد جلیلہ پر متمکن فرمائے، آمین۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
No comments:
Post a Comment