Image 1 Image 2 Image 3 Image 4
Pyara Islam

یو ٹیوب وغیرہ پر رِوَرْٹ سٹوریز دیکھنا

 یو ٹیوب وغیرہ پر رِوَرْٹ سٹوریز دیکھنا، امریکہ برطانیہ وغیرہ کے نو مسلموں کی کہانیاں سننا، میری ہابی بنتا جا رہا ہے۔ کیسی خوشی اور خوبصورتی سمائی ہوتی ہے ان کے جذبات میں، چھائی ہوتی ہے ان کے چہروں پر، سنائی دیتی ہے ان کے لب و لہجے میں۔

میں انہیں سنتا ہوں، ان کی ویڈیوز دیکھتا ہوں، ان پر آئے کومنٹس پڑھتا ہوں، اور اس دنیا میں جانے کی کوشش کرتا ہوں، جہاں سے وہ بول رہے ہیں، جہاں سے وہ دیکھ رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے قرب کی دنیا، اس کی محبت کی دنیا، اس کے آخرت کے وعدوں کی دنیا۔ کسی نو مسلم سے زیادہ بھلا اللہ تعالیٰ کے قریب اور کون ہو سکتا ہے، کسی نو مسلم سے زیادہ بھلا اللہ تعالیٰ سے، اس کے نبی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم سے، اس کے دین سے، اس کے قرآن سے، اس کی نماز سے، اس کے اسلام سے، اور کون محبت کر سکتا ہے۔
بس میں وہ محبت، وہ امید، وہ خوشی، وہ خوبصورتی اپنے اندر سمونے کی کوشش کرتا ہوں۔ میں چاہتا ہوں میں بھی اتنا ہی خوش اور کِھلا کِھلا نظر آؤں، اتنا ہی تروتازہ اور خوشبودار دکھائی دوں، جتنا وہ نو مسلم نظر آتے ہیں۔
بعض دفعہ میں تصور ہی تصور میں ڈیڑھ ہزار سال پیچھے چلا جاتا ہوں، یہ خوشی اور خوبصورتی دیکھنے کے لئے، یہ امید اور کوشش دیکھنے کے لئے، یہ تروتازگی اور خوشبو دیکھنے کے لئے۔ اسلام کی تو ابتدا ہی دنیا سے منہ موڑ کر، آخرت کی طرف منہ کرنے سے ہوتی ہے، لوگوں سے منہ موڑ کر اللہ تعالیٰ کی طرف منہ کرنے سے ہوتی ہے۔ اسلام تو قبول ہی اس نیت سے کیا جاتا ہے، کہ میری دنیا سے زیادہ میری آخرت بہتر ہو جائے۔ اسلام تو نام ہی بہتری کی امید کا ہے۔ وہ مسلمان ہی کیا ہوا جو اداس، پریشان اور مایوس ہو جائے۔
میں تو ہر وقت یہی سوچتا رہتا ہوں، کہ کون سی غلط عادت، غلط کام، غلط صحبت چھوڑوں، اور کون سی اچھی عادت، اچھا کام، اور اچھی صحبت اپناؤں، کہ مجھے اسلام لانے والوں جیسی، اسلام قبول کرنے والوں جیسی خوشی اور خوبصورتی نصیب ہو سکے۔ میں تو ہر بار کلمہ پڑھتے ہوئے یہی سوچنے کی کوشش کرتا ہوں، کہ مجھے وہی خوشی اور تازگی نصیب ہو جائے، جو کسی نو مسلم کو ہوتی ہے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں کلمہ طیبہ کی اصل روح سے لطف اٹھانے کی سعادت عطا فرمائے، آمین۔
۔۔۔۔۔۔۔

No comments: