Image 1 Image 2 Image 3 Image 4
Pyara Islam

ساری ہی احادیث مبارکہ خوبصورت ہیں

 ساری ہی احادیث مبارکہ خوبصورت ہیں، لیکن بعض لمحوں میں، کوئی حدیث پاک ایسی اثر انداز ہوتی ہے دل پر کہ دل کرتا ہے پڑھتے جاؤ، بار بار پڑھتے جاؤ۔ 

کیسی خوبصورت تشبیہ ہے اس حدیث مبارکہ میں، کہ:

(مفہوم) جب کوئی شخص نماز پڑھنے، یا اللہ تعالیٰ کا ذکر کرنے کے لئے مسجد میں جاتا ہے، تو اللہ تعالیٰ اس کی طرف اس محبت اور شفقت سے دیکھتا ہے، جیسے دور دراز کا سفر کر کے کوئی مسافر اپنے گھر پہنچے، اور گھر والے اسے محبت سے دیکھ رہے ہوں۔ 

پہلے تو میں اس تشبیہ کی خوبصورتی پر عش عش کر اٹھا، اللہ تعالیٰ کی محبت اور کس خوبصورتی سے یاد دلائی گئی۔ 

میں نے محسوس کیا میں کہیں کسی نئی نئی سی، خوبصورت سی، تروتازہ سی مسجد میں بیٹھا ہوا ہوں، میرا دل نماز ادا کرنے کے لئے بیتاب ہے، اور میں اذان کا انتظار کر رہا ہوں۔ مسجد کی خوبصورتی اور محبت نے مجھے بیخود سا کر رکھا ہے، اور مجھے محسوس ہو رہا ہے جیسے اللہ تعالیٰ کی رحمت اور محبت جوش پر ہے، اور میرا روم روم لا الہ الا اللہ کا ذکر کر رہا ہے۔ 

لا الہ الا اللہ کا ذکر بڑا خوبصورت اور دلنشین ذکر ہے۔ کبھی کبھی کہیں کہیں میری زبان لڑھک کر لا الہ الا اللہ، کی بجائے لا الہ الا انت، لا الہ الا انت، لا الہ الا انت پکارنے لگ جائے، تو کیفیت ہی اور ہو جاتی ہے۔ بعض دفعہ میں جان بوجھ کر بھی لا الہ الا اللہ، کی بجائے لا الہ الا انت پکارنے لگتا ہوں۔ بس یونہی تھوڑا سا لطف بڑھانے کے لئے۔ 

مجھے محسوس ہوتا ہے جیسے میں دوپہر کو، مئی جون کی گرمی اور لو برداشت کرتے ہوئے گھر پہنچا ہوں، اور میرے بیوی بچے میرے آنے پر خوش ہو رہے ہیں۔ 

مجھے محسوس ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ مجھے ایسے ہی کسی مسجد میں بیٹھے دیکھ رہا ہے، محبت اور شفقت بھری نظروں سے، اور میں اس محبت کو، لا الہ الا اللہ کے ذکر میں محسوس کر رہا ہوں جیسے۔۔۔۔۔۔۔

اللہ تعالیٰ ہمارے دل و دماغ کو مسجدوں کی محبت عطا فرمائے، آمین۔ 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

No comments: