Image 1 Image 2 Image 3 Image 4
Pyara Islam

تو اللہ تعالیٰ سے دور ہو یا قریب ہو

 

تو اللہ تعالیٰ سے دور ہو یا قریب ہو، وہ تجھ سے قریب ہی قریب ہے۔ تو اپنا فائدہ سوچو یا نقصان سوچو، وہ تیرا فائدہ ہی فائدہ چاہتا ہے۔ یہ دنیا بھی اسی کی ہے، اور آخرت بھی اسی کی ہے۔ تو دنیا کے چھن جانے پر اس سے گلہ مت کر۔ تو دنیا کے مال و متاع کو آخرت کی ضمانت مت جان۔ تو اور تیرے اعمال اسی کے پیدا کیے ہوئے ہیں۔ تو اور تیرے حالات اسی کے تخلیق کیے ہوئے ہیں۔ 

تو اس پر بھروسہ رکھ، وہ جس حال میں بھی رکھتا ہے ٹھیک رکھتا ہے۔ 

تو اپنے آپ کو اللہ تعالیٰ سے علیحدہ تصور نہ کر۔ تو اپنے آپ کو اور اللہ تعالیٰ کو دو پارٹیاں مت سمجھ۔ تو دوسرے انسانوں اور دوسری مخلوق کو ایک اور پارٹی مت سمجھ۔ تو دوسروں کے خلاف اللہ تعالیٰ کو اپنے ساتھ مت ملا۔ تو بھی اللہ تعالیٰ کا ہے، اور دوسرے بھی اسی کے ہیں۔ 

اور جو کچھ بھی تیری طرف آتا ہے وہ سب اسی کا بھیجا ہوتا ہے۔ اور سب اسی کی طرف لوٹ جاتا ہے۔ تو اس سے دعا کر، کہ وہ دعا کر رد نہیں کرتا، لیکن تو اس کے دینے کے انداز کو اپنی خواہشوں کے تابع مت بنا۔ تو اس کی عنایات کا احاطہ کرنے سے قاصر ہے، اور وہ تیرے حالات کو بخوبی جانتا ہے۔ 

خوشی غمی، عزت بے عزتی، نفع نقصان، صحت تندرستی اور ایسے ہی دوسرے تضادات کا آنا سب اسی کی طرف سے ہے، اور سب اسی کی طرف لوٹ جاتا ہے۔ 

وہ ہر شئے کا خالق ہے، اور ہر شئے کی ابتدا اور انتہا کا علم رکھتا ہے۔ 

وہ جو چیز تیری طرف بھیجتا ہے تو اسے قبول کر، اور واپس اس کی طرف نہ بھیج، جب تک کہ وہ خود نہ لے لے۔ تو اس کے دیے پر راضی رہ، کیونکہ وہ کہتا ہے: 

انا اعطیناک الکوثر، فصل لربک وانحر، ان شانئک ہو الابتر۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اللہ تعالیٰ ہمارے دلوں کو اپنے قرب کا احساس نصیب فرمائے، آمین۔ 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بقلم: حاوی شاہ

 

No comments: