Image 1 Image 2 Image 3 Image 4
Pyara Islam

 آپ کو کبھی محسوس ہوا ہے سجدہ کتنی مزیدار کیفیت ہے۔ بندہ بہت تھکا ہوا، بہت دیر دھوپ میں پھر کر آیا ہو، یا سردی سے کانپ رہا ہوں، یا غمگین ہو، یا ضرورتمند ہو، یا دل شکستہ ہو، ایسا لگتا ہے جیسے سجدے میں سر رکھتے ہی کوئی بہت بڑا آسرا مل گیا ہے۔ ایسے لگتا ہے جیسے ہر مشکل حل ہو گئی ہے، کوئی مشکل رہی ہی نہیں ہے۔ بندہ بہت زیادہ لمبے قیام کے بعد رکوع اور سجدے میں جائے تو ایسی ہی کیفیت محسوس ہوتی ہے۔ دل کرتا ہے وہیں پڑے رہو۔ بعض دفعہ تو بندہ خاموش ہوتا ہے۔ بس اللہ کا احساس ہوتا ہے، وہ کہیں دیکھ رہا ہے۔ بندہ کہتا ہے، اب تو میرے اور اس کے درمیان کوئی نہیں ہے۔ آگے کی آگے دیکھی جائے گی۔ اب تو اس نے مہلت دے رکھی ہے۔ ابھی تو اس نے سجدے کی محبت دے رکھی ہے۔ 

ہر نماز کے سجدے کی کیفیت مختلف ہوتی ہے۔ 

تہجد کے سجدے کی کیفیت دیکھ لیں۔ ایسا لگتا ہے جیسے کوئی اور ہے ہی نہیں۔ بس میں ہوں اور میرا رب ہے۔ تہجد بڑی خوبصورت نماز ہے۔ ایسے لگتا ہے جیسے اللہ تعالیٰ نے بہت سی رعایتیں دے رکھی ہیں، جیسے اللہ تعالیٰ نے سب کچھ بندے پر چھوڑ دیا ہے، کہ میرے بندے تو جو جو بھی کرے گا، سب قبول ہے۔ تہجد اپنے بیوی بچوں میں ادا کرنے کی محبت ہی اور ہے۔ اس سجدے کی محبت ہی اور ہے۔ 

فجر، ظہر، عصر، مغرب، عشاء، ہر نماز کے سجدے کی خوبصورتی اور خوشی ہے۔ 

بندہ نماز شروع کرنے سے پہلے ایک لمحے کا تصور کر لے، کہ وہ دیکھ رہا ہے، جیسے اس سے اجازت لے کر بات شروع کرنے لگا ہوں، جیسے اس کی اجازت سے اپنی عرض بیان کرنے لگا ہوں۔ جیسے اس نے کال اٹینڈ کر لی ہے، اور اب میں نے کچھ کہنا ہے۔ بڑا مزہ آتا ہے ایسی نماز اور ایسے سجدوں کا۔ 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اللہ تعالیٰ ہمیں سجدوں میں اپنی قربت کا احساس عنایت فرمائے، آمین۔ 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بقلم: حاوی شاہ


No comments: