Image 1 Image 2 Image 3 Image 4
Pyara Islam

 تہجد بڑی خوبصورت نماز ہے۔ ایسے لگتا ہے جیسے اللہ تعالیٰ نے بہت سی رعایتیں دے رکھی ہیں، جیسے اللہ تعالیٰ نے سب کچھ بندے پر چھوڑ دیا ہے، کہ میرے بندے تو جو جو بھی کرے گا سب قبول ہے۔ تہجد اپنے بیوی بچوں میں ادا کرنے کی محبت ہی اور ہے۔ اس سجدے کی محبت ہی اور ہے۔ میں نے ایک دو بار علیحدہ یا دوسرے کمرے میں تہجد ادا کرنے کی کوشش کی ہے، لیکن دو رکعت کے بعد ہی اٹھ کر دوبارہ بیڈ روم میں چلا آیا ہوں۔

میری بیوی منہ سر لپیٹ کر کمبل میں دبکی لیٹی ہوتی ہے۔ مجھے کمبل کے انداز سے لگ رہا ہوتا ہے، کہ وہ جاگ رہی ہے، اور کوئی تسبیح پڑھ رہی ہے۔ میں ایک طرف کھڑا ہو جاتا ہوں، اور جتنے بھی رکوع یاد کیے ہوتے ہیں، دہرانے لگتا ہے۔
بعض دفعہ زارا اٹھ کر وضو کرتی ہے، اور مجھے اپنے پیچھے کسی جائے نماز کے بچھنے، اور پھر کسی کے اٹھنے بیٹھنے کی سرسراہٹ سنائی دینے لگتی ہے۔ وہ ساری رات سٹڈی کرتی ہے، لیکن صبح تہجد یا فجر پڑھ کر لیٹ جاتی ہے۔ بعض دفعہ حسن واش روم جانے کے لئے اٹھتا ہے، لیکن وضو کر کے میرے ساتھ کھڑا ہو جاتا ہے تہجد میں۔ پچھلے دنوں چھوٹی سارہ کو بھی شوق چرا رہا تھا تہجد کی محبت کا۔ وہ بھی بڑی باقاعدگی سے کھڑی ہونے لگی تھی۔
ان کی ماں کوئی بات کرے تو کرے، میں نے کبھی نہیں کی۔ میں اسے ہی غنیمت سمجھتا ہوں، کہ وہ مجھے اور اپنی ماں کو دیکھ رہے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں اگر بچے ماں باپ کو نماز پڑھتے ہوئے دیکھ رہے ہوں، تو کہیں نہ کہیں دل میں پڑھ بھی رہے ہوتے ہیں۔
بہرحال تہجد کی اپنی رونقیں اور خوبصورتیاں ہیں۔ اور بہت رونقیں اور بہت خوبصورتیاں ہیں۔ تہجد کی بہت خوشیاں ہیں۔ کبھی کبھی سارے بچے اٹھ پڑیں تو آپس میں باتیں کرنے لگتے ہیں۔ ویڈیوز شئیر کرنے لگتے ہیں۔ میں اسی طرح پاس کھڑا پڑھتا رہتا ہوں۔ وہ ایک اپنا ہی خوبصورت ماحول ہے۔ بعض دفعہ صبح چھٹی ہو، اور بچوں کا سونے کا پروگرام نہ ہو، تو میری بیوی چائے بنا لاتی ہے، اور تہجد کے وقت ہی دن کا آغاز ہو جاتا ہے۔
مجھے یہ سب کچھ ہی اچھا لگتا ہے۔ ہر چیز کی اپنی خوبصورتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مجھے یقین ہے آج یہ وقتی سا شوق، کل زندگی کا مستقل حصہ بن جائے گا۔
ایک بار بندے کے دل میں اللہ تعالیٰ کی محبت کا احساس پیدا ہو جائے، تو مرتا نہیں ہے کبھی۔ وقتی طور پر ہو سکتا ہے دب جائے، لیکن اندر ہی اندر پھلتا پھولتا رہتا ہے، اور کبھی نہ کبھی پورے دل و دماغ کو اپنی لپیٹ میں لے لیتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اللہ تعالیٰ ہمارے گھروں کو تہجدوں کی رونقوں سے مالامال فرمائے، آمین۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بقلم: حاوی شاہ

No comments: