میں نے کل ایک پوسٹ لکھنی تھی، لیکن پھر میرے ایک بہت عزیز مہمان آ گئے، اور پوسٹ درمیان میں رہ گئی۔
دراصل پوسٹ مجھے پرسوں صبح لکھنی چاہئے تھی، لیکن پرسوں صبح مجھے اٹھتے ہی ذہن سے نکل گیا، اور میں کسی اور کام میں مصروف ہو گیا۔ کل غالباً ظہر کی نماز ادا کرتے ہوئے سجدہ میں گیا، تو یاد آیا میں نے تو بہت خوبصورت سجدہ کیا تھا ایک، اور میں نے تو اس کے بارے میں لکھنا تھا۔ تھوڑا سا یاد کرنے سے ہی ذہن میں تازہ ہو گیا، کہ پرسوں صبح کو فجر اور تلاوت سے لطف اندوز ہونے کے بعد کچھ دیر کے لئے سویا تو ایک بڑا خوبصورت سا خواب دیکھا تھا۔
نمازوں کے خواب تو بہت ہی خوبصورت ہوتے ہیں میرے۔ بعض دفعہ بڑی بڑی خوبصورت مسجدوں میں پہنچا ہوتا ہوں، بہت ہی شاندار ماحول ہوتا ہے، اور بہت ہی کمال کا وقت ہوتا ہے کوئی۔ کئی نمازوں کے خواب تو مجھے آج تک یاد ہیں، سالہا سال گزرنے کے باوجود نہیں بھولے، بلکہ ان کی تازگی اور مہک بھی یاد ہے کسی حد تک۔
پرسوں صبح کو آنے والا خواب بھی کچھ ایسا ہی تھا۔ مجھے صرف سجدے، اور صف، اور دل کی خوشی یاد رہ گئی ہے، وہ منظر کیسا تھا، مسجد کون سی تھی، نماز کس وقت کی تھی، کچھ یاد نہیں ہے۔ لیکن جو یاد رہ گیا ہے، ہمیشہ کے لئے یاد رہ گیا ہے، یہ نہیں بھولتا اب۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جو تھوڑا تھوڑا سا یاد ہے وہ کچا کچا سا اندھیرا تھا، اور ہلکی ہلکی، ملگجی سی روشنی میں، کسی مسجد میں کھجور کی صف نظر آ گئی تھی مجھے، اور میں خوش ہو کر نماز پڑھ رہا تھا۔ پھر سجدے میں گیا، اور کھجور کی صف کی خوشبو، اور اس کے تنکوں اور ریشوں کا لمس، اور وضو والے تر بتر چہرے سے لگنے والا پانی، اور دوسرے سجدے میں صف سے اٹھنے والی مہک، اور صف کے موٹے موٹے سے، پھولے پھولے سے کنارے، اور نئی نئی سی تیلیاں، ہری ہری سی، نرم نرم سی، کچی کچی سی۔ مجھے سجدے میں رکھنے والے ہاتھ سے مس ہوتی ہوئی صف، بہت بھلی محسوس ہو رہی تھی۔ میں اپنے گھٹنے اور ٹخنے پر، اس نئی نئی سی صف کی رگڑ محسوس کر رہا تھا، اور خوش ہو رہا تھا، کہ مجھے اس کھجور کی صف پر نماز پڑھنے کی سعادت نصیب ہو گئی۔
مجھے پوری طرح سے یاد تو نہیں ہے، لیکن مسجد کا ماحول بہت خوبصورت تھا، کوئی پرانی سی مسجد تھی غالباً، نقش و نگار والی، اور کھلا سا صحن تھا، جس میں صف لگائی ہوئی تھی۔ باقی ایسا تھا جیسے صبح کی نماز ہو، یا صبح کی نماز کی سنت ہوں، یا تہجد کی نماز ہو۔ کیونکہ دوسرے لوگوں کا احساس ضرور تھا، کہ وہ بھی پڑھ رہے ہیں اپنی نماز، لیکن میرے ساتھ کوئی نہیں کھڑا تھا۔
میری جب آنکھ کھلی تو میرے دل و دماغ کی کیفیت بہت خوبصورت تھی۔ لیکن اب بہت کچھ محو ہو چکا ہے۔ بہت پیارا خواب تھا بہرحال۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اللہ تعالیٰ ہمیں نمازوں اور تلاوتوں سے مزین خوبصورت نیندیں عطا فرمائے، آمین۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
No comments:
Post a Comment