Image 1 Image 2 Image 3 Image 4
Pyara Islam

اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہدائت، اور علم، اور توفیق کے لشکر پہنچنے سے پہلے

 اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہدائت، اور علم، اور توفیق کے لشکر پہنچنے سے پہلے،

میں نے تین غلطیاں کیں جو میرے خیال میں بہت مہلک ثابت ہوئیں، اور انہوں نے مجھے صراط مستقیم سے ہٹا کر ضلالت پر ڈال دیا۔

ایک تو میں نے دین و دنیا کو ساتھ ساتھ چلانے کی غلطی کی۔ دین کو دنیا میں رہ کر عمل میں لانا تھا، اور دین کو ہر حال میں ترجیح دینی تھی۔ دنیا کی قربانی دے کر دین کو بچانا تھا، نہ کہ دین، ایمان، عبادات کی قربانی دے کر، دنیا کا فائدہ لوٹنا تھا۔ بہرحال میں نے غلطی کی، اور نقصان اٹھایا۔

دوسری غلطی میں نے یہ کی کہ اپنی روحانی حالت کو سدھارنے کی بجائے، پہلے اپنی معاشی حالت کو سدھارنے کی کوشش شروع کر دی۔ مجھے چاہئے تھا، کہ میں ہمیشہ اور ہر حال میں اپنی روحانی حالت کی فکر کرتا، اور معاشی حالت کو دوسرے درجے پر رکھتا۔ کہ اگر تلاوتوں اور نمازوں اور دیگر مذہبی عبادات اور احکام کو بجا لانے کے بعد کوئی وقت بچتا ہے، تو اسے معاشی معاملات ٹھیک کرنے میں لگاؤں، لیکن میں نے ایسا نہ کیا، اور غلطی کی۔ 

تیسری غلطی ایک اور بھی تھی، کہ میں نے حقوق اللہ اور حقوق العباد کو حقیقت مان لیا  ، کہ یہ دو مختلف چیزیں ہیں، اور ان میں فرق کے جھانسے میں آ گیا۔ میں نے سمجھ لیا کہ واقعی مخلوق کے بھی حقوق ہیں۔ مجھ سے غلطی ہو گئی، کہ میں نے مخلوق کو بھی اہمیت دینا شروع کر دی، پہلے پہلے خالق جتنی، اور پھر شائد خالق سے بھی زیادہ، کہ نہیں مخلوق ناراض نہیں ہونی چاہئے۔ یہ میری غلطی تھی۔ 

حقوق تو صرف خالق کے ہوتے ہیں، حقوق تو صرف اللہ تعالیٰ کے ہیں۔ مخلوق سے حسن سلوک بھی اللہ تعالیٰ کا ہی حق ہے، مخلوق کا حق نہیں ہے۔ مخلوق کے صرف فرائض ہیں۔ 

خالق سے غفلت اختیار کر کے مخلوق کو توجہ نہیں دینی چاہئے تھی۔

بہرحال یہ میری تیسری غلطی تھی۔ اور اگر میں دیکھوں تو اور بہت سے غلطیوں کے ساتھ ساتھ، ان تین غلطیوں نے مجھے صراط مستقیم سے بھٹکانے میں سب سے زیادہ کردار ادا کیا۔ میرے خیال میں اور بھی جتنے لوگ غفلت کا شکار ہیں، دین کو ترجیح دینے سے محروم ہیں، یا دنیا میں پھنسے ہوئے ہیں، ان تین غلطیوں کی وجہ سے ہی پھنسے ہوئے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی غلطیوں کو پہچاننے اور ٹھیک کرنے کی استطاعت و استقامت عطا فرمائے، آمین۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


No comments: