Image 1 Image 2 Image 3 Image 4
Pyara Islam

توحید سے زیادہ خوبصورت تصور نہیں ہے کوئی

 توحید سے زیادہ خوبصورت تصور نہیں ہے کوئی۔

اللہ تعالیٰ کی محبت تو توحید میں ہی محسوس ہو سکتی ہے بس۔ 

اللہ تعالیٰ معبود ہے، معبود حقیقی ہے، اس کے علاوہ اور کوئی معبود کہلانے کے لائق نہیں ہے، کوئی انسان، کوئی مخلوق، کوئی چیز، کوئی تصور، کوئی بھی۔ اللہ تعالیٰ کے علاوہ کوئی بھی معبود کہلانے کے لائق نہیں ہے۔ 

کیسا خوبصورت تصور ہے اللہ تعالیٰ کا۔ ایک معبود کی عبادت کرنا، ایک معبود کا عبد کہلانا، کیسا خوبصورت تصور ہے۔ 

اور پھر جب بندہ سوچتا ہے، 

یا اللہ تو ہی میرا معبود حقیقی ہے، تیرے علاوہ میرا کوئی اور معبود نہیں ہے۔

یا اللہ تو ہی مجھ پر رحم کرنے والا ہے، تو ہی میرا بھلا چاہنے والا ہے۔ تو ہی مجھ پر مہربانی کرنے والا ہے، تو ہی میرا مہربان ہے، تیرے علاوہ میرا کوئی اور مہربان اور بھلا چاہنے والا نہیں ہے۔ 

یا اللہ تو ہی میرا مالک و مختار ہے، تو ہی میری عقیدتوں کا سب سے زیادہ استحقاق رکھنے والا ہے۔ 

یا اللہ تیرے ہی دم سے میری سلامتی قائم ہے، تیرے ہی دم سے میرے دل کی سچائی قائم ہے۔ 

یا اللہ تو ہی میرے جان و ایمان کا محافظ ہے، تو بہت بڑے غلبے والا ہے۔ 

یا اللہ تو میرے نفس پر حکمران ہے، تو میری سوچوں اور خوابوں کا رازدار ہے۔

یا اللہ تو عاجزی اور انکساری سے پاک ہے، کوئی مخلوق تیرے جیسی نہیں ہو سکتی۔ 

یا اللہ تو میرا خالق ہے، اور تو ہی مجھے ایک حالت سے دوسری حالت میں لے جانے والا ہے۔ تو ہی میری بدلتی ہوئی شکل و صورت کو قائم رکھنے والا ہے۔ تو ہی میری نئی نئی سوچوں کو ترتیب دینے والا ہے۔ 

یا اللہ تو ہی میری کوتاہیوں کو معاف کرنے والا اور میری زیادتیوں کو قابو کرنے والا ہے۔ تو اور صرف تو۔

یا اللہ تو ہی میری ضرورتوں کو پورا کرنے والا ہے، اور تو ہی میری ضرورتوں کو پورا کرنے والے وسائل پر اختیار رکھنے والا ہے۔ 

یا اللہ کوئی چیز تیرے علم سے باہر نہیں ہے، تو محدود اور لا محدود پر قدرت رکھتا ہے، تو حساب اور بے حساب کو قائم کرتا ہے۔ تو ہی نوازنے والا اور تو ہی سربلند کرنے والا ہے۔ تو ہی گرا سکتا ہے، اور تو ہی اٹھا سکتا ہے۔

یا اللہ تو مجھے ہر ہر پل سنتا اور دیکھتا ہے، میں تیرے ہی فیصلے اور تقسیم پر انحصار کرتا ہوں۔ تیری محبت میرے ساتھ ہے، اور تیری شفقت میرے حالات سے باخبر ہے۔

یا اللہ تو ہر قسم کی کثافتوں سے پاک ہے۔

یا اللہ تو ہی میرا اصل معاف کرنے والا ہے، اور تو ہی مجھے ٹھیک ٹھیک پہچاننے والا ہے۔ 

یا اللہ تو بے نیاز ہے، تو بلند ہے، تو نگہدار ہے۔ 

یا اللہ تجھے ہر طرح کی قوت حاصل ہے، تو ہر طرح کی نعمتوں کا مالک ہے۔ تو ہر لحاظ سے جلیل القدر ہے۔ 

یا اللہ تیرے علاوہ میری بندہ پروری کرنے والا اور کوئی نہیں ہے، تیرے علاوہ مجھے آسرا دینے والا اور کوئی نہیں ہے۔ 

یا اللہ اگر میری مدد کو آتا ہے تو صرف تو آتا ہے، اور اگر میرے حالات میں کشائش پیدا کرتا ہے تو صرف تو پیدا کرتا ہے۔ تیرے علاوہ میری بگڑی کو بنانے والا اور کوئی نہیں ہے۔ 

یا اللہ تو ہی مجھ سے محبت کرنے والا ہے، اور تو ہی میری ساری محبتوں کا اہل بھی ہے۔ 

یا اللہ تیرے علاوہ میرے فائدوں کا سبب اور کوئی نہیں بن سکتا، اور تیرے علاوہ کوئی مجھ سے واقف بھی نہیں ہے۔ 

یا اللہ تو ہی سچ ہے، اور تیرے علاوہ مجھے اور کسی کی پشت پناہی بھی حاصل نہیں۔ تو ہی سب سے بڑھ کر طاقتور ہے، اور تو ہی میرے سارے معاملات کا ذمہ لینے والا ہے۔ 

یا اللہ تو ہی میرا حقیقی دوست ہے، اور میری اصلی ڈھارس ہے۔ تیرے علاوہ میری کمزوریوں کو معاف کرنے والا اور کوئی نہیں ہے۔ 

یا اللہ ہر چیز تجھ سے جاری ہوتی ہے، اور ہر چیز واپس تجھ تک پہنچتی ہے۔ تو عدم سے وجود میں لاتا ہے، اور وجود سے عدم میں لے جاتا ہے۔ تو ہر ہر پل زندہ ہے، اور ہر ہر آن قائم ہے۔ کوئی چیز تیرے وجدان سے باہر نہیں ہے، اور کوئی جگہ تیری شان سے بلند نہیں ہے۔ تو اکیلا بھی ہے اور ایک بھی ہے، اور تجھے کوئی ضرورت پیش نہیں آتی۔ ہر چیز تیرے بس میں ہے، اور تو ہر چیز پر قائم ہے۔ 

یا اللہ تیرے علاوہ مجھے کوئی آگے نہیں کر سکتا، اور تیرے علاوہ مجھے کوئی پیچھے نہیں دھکیل سکتا۔ 

یا اللہ تو ہر چیز کی ابتدا اور انتہا کا مالک ہے، تو ہر چیز کے ظاہر اور باطن کو جانتا ہے۔ تو ہر چیز کا مالک اور ہر جگہ سے بلند ہے۔ تو اچھا ہے، اور ہر طرح کی اچھائی تیرے دم سے قائم ہے۔ تیرے علاوہ مجھے معاف کرنے والا اور پھر سے موقع دینے والا اور کوئی نہیں ہے۔ تیرے علاوہ تیرے نافرمانوں کو کوئی نہیں سمجھا سکتا، اور تیرے علاوہ کوئی انہیں معاف کرنے والا اور ان سے محبت کرنے والا بھی نہیں ہے۔

یا اللہ تو ہی اس ساری کائنات کا مالک ہے، اور تیرے علاوہ کسی دوسرے کو اس  میں کوئی بزرگی اور اکرام حاصل نہیں ہے۔

یا اللہ تو ہر چیز کو اس کی مناسب جگہ پر رکھنے، اور دوسری چیزوں کے ساتھ اکٹھا کرنے پر قادر ہے۔ 

یا اللہ تجھے کسی کی ضرورت نہیں، اور تو ہر ایک کی ضرورت جانتا ہے۔ 

یا اللہ تو کسی کو بھی روک سکتا ہے، کسی کو بھی ٹھہرا سکتا ہے۔ اور تو کسی کو بھی آگے کر سکتا ہے، فائدہ پہنچا سکتا ہے۔ تو ہی روشنی ہے، اور تو ہی ہدائت دینے والا ہے۔ تو ہی بے مثل کا خالق ہے، اور تو ہی ہر ایک کے بعد باقی ہے۔ تو ہی ہر چیز کا وارث ہے، اور تو ہی ٹھیک چلانے والا، اور تو ہی آخر میں ٹھہرنے والا ہے۔ 

یا اللہ تیرے جیسی کوئی چیز نہیں ہے، اور تو ہر چیز کی مثل سے الگ ہے۔ 

یا اللہ تو ہر چیز کا خالق اور مالک ہے۔ ہر چیز تیرے علم میں ہے۔ 

مجھے نہیں معلوم میرا اختیار کہاں ہے، اور تیرا فیصلہ کہاں ہے۔ 

یا اللہ میں تیرے علم سے واقف نہیں ہوں، لیکن تو میری لاعلمی کو خوب جانتا ہے۔ 

یا اللہ تو میرے ساتھ ایسا معاملہ روا رکھنا کہ میرے دل کی خوشی اور خوبصورتی متاثر نہ ہو، کہ تیرے لئے میری محبت میں کوئی فرق نہ آئے، کہ تجھ سے وابستہ میری خوش امیدی کو کوئی آنچ نہ پہنچے۔ 

یا اللہ تو اپنے بارے میں میرے تصور کو ٹوٹنے سے بچانا، 

یا اللہ میں نے تیرے فضل و کرم اور رحمت و بخشش سے جو امیدیں لگا رکھی ہیں، تو ان امیدوں کو پورا کر دینا۔ 

یا اللہ تو تمام رعائتوں اور سفارشوں کا مالک ہے، 

یا اللہ تو میرے ساتھ وہی معاملہ کرنا، کہ جیسا تو اپنے پیاروں کے ساتھ کرتا ہے، کہ جیسا تو معافی پانے والوں کے ساتھ کرتا ہے، کہ جیسا تو رحمت میں آنے والوں کے ساتھ کرتا ہے۔ 

یا اللہ تو اپنے اچھے اور نیک بندوں کے سامنے مجھے شرمندگی سے بچانا، 

یا اللہ تو مجھے معافی پانے والوں میں شمار کر لینا۔ 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اللہ تعالیٰ ہمیں ہر ہر دم توحید کی لذتوں سے سیراب ہونے کی سعادت عطا فرمائے، آمین۔ 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


No comments: