Image 1 Image 2 Image 3 Image 4
Pyara Islam

جسم کی صفائی ، وضو اور غسل کے آداب

 

جسم کی صفائی، وضو اور غسل کے آداب، اٹھنے بیٹھنے، سونے جاگنے، کھانے پینے کے احکام وغیرہ، کپڑوں، گھروں اور ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کی تلقین وغیرہ اسلام کا پہلا درجہ ہے۔ یعنی جسم اور ماحول سے متعلق ہر چیز صاف ستھری ہو۔ بندہ پاک صاف ہو کر رہے۔ ناخن تراشے، دانت صاف کرے، بال کتروائے، مونچھیں داڑھی بنوائے، اور ایسی ہی دوسری باتوں کا خیال رکھے۔ 

اور ایسے ہی نماز روزہ حج زکوٰۃ تلاوت وغیرہ کا اہتمام کرے۔ 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اگر بندہ یہ سارے کام کامیابی سے کر لے، اور نیت صاف رکھے، تو اللہ تعالیٰ اسے اگلے درجے میں داخل کر دیتا ہے۔ 

اب وہ دماغ کی کچھ ممنوعہ عادتوں سے بچنے کی کوشش کرتا ہے۔ 

غصہ، حرص، حسد، نفرت، انتقام، کینہ، ہوس، غیبت، جھوٹ، بہتان، اور ایسی کچھ اور عادتیں جو دماغ کو گندہ اور پراگندہ کیے رکھتی ہیں۔ 

ان ساری باتوں سے بچنے کے لئے، اسے دنیا قربان کرنی پڑتی ہے۔ دنیا کے بہت سے فائدوں سے ہاتھ اٹھانا پڑتا ہے۔ زندگی میں قناعت، صبر، توکل، بردباری، شکر، عفو و درگزر، تحمل وغیرہ سے کام لینا پڑتا ہے۔ 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اگر بندے کا مطمع نظر اللہ تعالیٰ کی خوشنودی ہو، اور اس کی نیت خالص ہو، تو وہ اس دور سے بھی گزر جاتا ہے۔ 

تب اللہ تعالیٰ بندے کو تیسرے دور میں داخل کرتا ہے، جو روح کی صفائی ستھرائی سے مزین ہے۔ 

بندے کی نظر بس آخرت پر لگ جاتی ہے۔ وہ دنیا اور مافیہا سے بے نیاز ہو جاتا ہے۔ اس کے لئے نفع نقصان، عزت بے عزتی، خوشی غم، سب برابر ہو جاتے ہیں۔ وہ ہر طرح کے تعلقات سے نکل آتا ہے، اور بس اللہ تعالیٰ سے تعلق قائم رکھنے کی فکر میں لگا رہتا ہے۔ وہ اپنی دنیا اور دنیا کے معاملات اللہ تعالیٰ کے سپرد کر دیتا ہے۔ بس اللہ تعالیٰ کی رضا ہی اس کی رضا بن جاتی ہے۔ وہ رات دن اسی کی مرضی سے سوتا جاگتا، اٹھتا بیٹھتا، کھاتا پیتا ہے۔ 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اس سے بھی آگے درجات ہیں، لیکن مجھے ان کا اندازہ نہیں ہے۔ 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اللہ تعالیٰ ہمیں قرب و تعلق کے مدارج و منزلات طے کرنے میں استقلال اور استقامت نصیب فرمائے، آمین۔ 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بقلم: حاوی شاہ



No comments: